سترہ نومبر 2022ء، بروز جمعرات شعبہ اردو گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں بورڈ آف اسٹڈیز کا اجلاس منعقد کیا گیا۔جس میں شعبہ اردو بیج سوم کے چھتیس طلباء و طالبات کے تحقیقی کام کیلئے منتخب کیے گئے موضوعات کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ پروفیسر سید عبدالواجد شاہ صاحب نے خصوصی شرکت کر کے شعبہ اردو کی عزت و توقیر میں گراں قدر اضافہ کیا۔
تحقیقی موضوعات کے معائنے کے لیے صدر شعبہ اردو ، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین یوسف زئی صاحب اور صدر شعبہ اردو پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ پروفیسر عطاءاللہ شاہ صاحب تشریف لائے۔شعبہ اردو ،گورنمنٹ گرلز کالج بالاکوٹ سے پروفیسر قندیل ربانی صاحبہ اور پروفیسر صائمہ شریف صاحبہ بھی شریک ہوئیں۔صدر شعبہ اردو پروفیسر ممتاز حسین صاحب نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ شعبہ اردو سے پروفیسر طارق جاوید صاحب نے مہمانوں کو اپنا پہلا شعری مجموعہ “موج سراب” پیش کیا۔اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر سدھیراحمدصاحب ،
لیکچرار سید عاقب حسین شاہ ، لیکچرار شہباز سرور صاحب اور لیکچرار نیلم فاروق صاحبہ نے بھی شعبہ اردو گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کی نمائندگی کی۔بی۔ایس کوآرڈینیٹر سید تنویر حسین شاہ صاحب اور شعبہ اسلامیات کے صدر مفتی فیصل صاحب بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔
ممبران نے تمام طلبہ کے منتخب کیے گئے موضوعات کو پرکھنے کے بعد منظوری دے دی۔ممبران نے طلبہ کی جانب سے منتخب کیے گئے موضوعات کو سراہا اور مقامی شعراء و ادیبوں کے ساتھ بیرونِ ملک تخلیق ہونے والے اردو زبان کے ادبی اثاثے کو موضوع بنانے پر شعبہ اردو کی کاوشوں کو سراہا۔طلبہ و طالبات کو تحقیق کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور مقررہ مدت تک نگرانِ تحقیق کی زیرِ نگرانی تحقیقی کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔








